آغا خان اسپتال کےانفیکشیس ڈیزیز کے ماہر ڈاکٹر فیصل محمود نے بتایا ہے کہ لمپی اسکن کی بیماری جانوروں سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی ہے اور بھینس کا دودھ اور گائے کا گوشت بھی محفوظ ہے۔
کراچی میں سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل محمود نے بتایا کہ جانوروں کی صحت کی عالمی تنظیم نے بھی واضح طور پر بتادیا ہے کہ یہ بیماری انسانوں میں منتقل ہونے والی نہیں ہے،صرف یہی وائرس نہیں بلکہ اس وائرس کے خاندان کے دوسرے وائرس بھی جانوروں سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتے ہیں، اس لیے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس لیے یہ کہنا کہ گوشت کھانے اور دودھ پینے سے انسانی صحت متاثر ہوگی،ایسا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کوچاہیے کہ گوشت کو اچھی طرح پکا کراور دودھ کو اچھی طرح اُبال کر استعمال کریں۔
اس کےعلاوہ ایسے بھی کوئی ثبوت نہیں ملے کہ کچے گوشت سے بھی یہ بیماری منتقل ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری کی علامات میں یہ تو ہے کہ دودھ کم بنے گا لیکن ایسا نہیں ہے کہ دودھ کا استعمال بیماری کا باعث بنے گا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ کھانا بناتے وقت ہاتھ ضرور دھوئیں کیونکہ اس وقت شہر میں ڈائریا بہت زیادہ پھیلا ہوا ہے اورپانی اُبال کر استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں اور اگر جلد کی کسی بیماری کی تصویر شیئر کی جارہی ہے تو وہ لمپی اسکن نہیں ہے بلکہ سورائسز معلوم ہوتی ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے یہ بھی بتایا کہ یہ بیماری بھینس سے بھینس میں تو منتقل ہوسکتی ہے لیکن کسی بکرے ،مرغی یا دوسرے جانور میں منتقل نہیں ہوسکتی ہے اس لیے افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ڈی جی لائیو اسٹاک سندھ نذیر حسین نے سماء ڈیجیٹل کوبتایا کہ اب تک سندھ بھر میں22 ہزارگائیں اس بیماری سے متاثرہوئی ہیں اور صرف 120 ہلاک ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ ویکسین کے لیے 4 کمپنیوں سے رابطہ کیا اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی خط تحریر کیا کہ وہ ان کمپنیوں کو رجسٹرڈ کریں،اس وقت ڈاکومینٹیشن کا مرحلہ چل رہا ہے اورامید ہے کہ ایک ہفتے تک ویکسین بھی آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب توماہرین نے بھی بتا دیا ہے کہ یہ بیماری جانوروں سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی ہے اور گوشت یا دودھ کا استعمال بھی محفوظ ہے، اس لیے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔
انھوں نےواضح کیا کہ اس بیماری میں گائےکھانا چھوڑ دیتی ہے اورجب گائے کھائے گی نہیں تو دودھ کہاں سے دے گی اور ویسے بھی دودھ پینے سے یہ بیماری انسانوں کو متاثر نہیں کرتی ہے۔
from SAMAA https://ift.tt/wQuz3RA
0 تبصرے