Breaking News

header ads

سندھ ہاؤس کشیدگی: پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا کردیا گیا

اسلام آباد کے سندھ ہاؤس پر توڑ پھوڑ کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا، علاقہ مجسٹریٹ سے ضمانت ملنے کے بعد تمام کارکنوں کو رہا کیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے تیس ہزار کے مچلکے بھی جمع کرائے گئے۔

گزشتہ روز توڑ پھوڑ کے الزام میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کے دو ایم این ایز کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ ایس ایچ او سیکریٹریٹ کے مطابق کارکنوں کو اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ علیم سعید کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں پر کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی بھی شامل تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، تحریک انصاف کے کارکن سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس دوران کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے 13 کارکنوں کو گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا تھا، جب کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل تھانے پہنچ کر پی ٹی آئی ایم این ایز کو چھڑوا کر ساتھ لے گئے تھے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا، پارٹی کارکنوں نے لوٹے اٹھا کر خاتون رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرم کے گھر کا گھیراؤ کرتے ہوئے ان سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

پشاور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی کے منحرف ایم این ایز کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کے حق اور ایم این اے نور عالم خان کے خلاف نعرے لگائے۔

کارکنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والے کس منہ سے اختلاف کر رہے ہیں، عمران خان کے سپاہی ہیں اور منحرف ہونے والے ممبران قومی اسمبلی غدار ہیں۔

قبل ازیں فیصل آباد میں رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کیخلاف مختلف مقامات پر فلیکسز آویزاں کیے گئے۔ ضلع کونسل چوک اور جیل روڈ پر راجہ ریاض سے متعلق بینرز لگائے گئے، بینرز پر ووٹ فروش اور تم کتنی پارٹی بدلو گے کے نعرے تحریر تھے۔



from SAMAA https://ift.tt/zbnxh9o

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے