جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں، اور اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔
ملک بھر میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے جہاں ہزاروں املاک تباہ، لاکھوں افراد بے گھر، 3 کروڑ سے زائد متاثرین، لاکھوں مویشی ہلاک ہوگئے ہیں، وہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں، اور ماہرین نے وبائی امراض پھوٹنے سے اموات کئی گنا بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری رپورٹ سماء نے حاصل کرلی ہے، جس کے مطابق جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں، اور اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد متاثرین مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق راجن پور اور ڈیرہ غازی خان سے ہے۔
سماء کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے37 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں،جب کہ 33 ہزار سے زائد خارش اور جلدی امراض کا شکار ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 ہزار افراد تیز بخار میں مبتلا ہیں، اور 17ہزار کو ڈائریا ہوگیا ہے، جب کہ 2500 سے زائد سیلاب زدگان آنکھوں کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 21 سیلاب زدگان کو مختلف علاقوں میں کتوں نے کاٹ لیا، ڈیرہ غازی خان میں 2 افراد کو سانپ نے ڈس لیا، جب کہ مختلف واقعات میں تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے لگائے میڈیکل کیمپس میں گزشتہ 7 روز کے دوران 60 سے 70 فیصد بیمار افراد نے رپورٹ کیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/rNPCOf7
0 تبصرے