پاکستان کے حمزہ عمر سعید اور مظہر عباس نے نیپال کے شہر پوکھرا میں جاری “ تیسری ماؤنٹ ایورسٹ انٹرنیشنل اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ“ میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز جیت لئے۔
نیپال میں جاری بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔
حمزہ عمر سعید اور مظہر عباس نے پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز حاصل کئے۔ ہارون خان اور ارباز خان نے سلورمیڈلز اپنے نام کئے۔
87 کلوگرام پلس کی کیٹیگری کیروگی ایونٹ کے فائنل میں حمزہ سعید نے بھارت کے گورو بھات کیخلاف پہلے راؤنڈ میں 11-2 اور دوسرے راؤنڈمیں 4 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
80 کلوگرام کی کیٹیگری فائنل میں پاکستان کے مظہرعباس نے بھارت کے ریشب کو پہلے راؤنڈ میں 9-7 سے ہرایا۔ دوسرے راؤنڈ میں ریشب نے کم بیک کرتے ہوئے 8-3 سے کامیابی حاصل کی تاہم فائنل راؤنڈ میں مظہر عباس نے بہترین اور اٹیکنگ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفر کے مقابلے میں 9 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔
58 کلو گرام فائنل میں کوریا کے تائی جون پارک نے پاکستان کے ہارون خان کو 9-1 اور 11-3 سے شکست دی-63 کلو گرام کی کیٹیگری کے فائنل میں بھارت کے شیوام سدیش شیٹھی نے پاکستان کے اربازخان کو 6-5 اور 7-2 سے شکست دی۔
خواتین کی 57 کلو کیٹیگری کے سیمی فائنل میں بھارت کی سونم روال نے پاکستان کی نور رحمان کو 3-0 اور 4-0 سے ہرادیا۔ نور رحمان برونز میڈل کی حقدار ٹھریں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ماؤنٹ ایورسٹ چیمپئین شپ کے کیروگی ایونٹ میں 3 گولڈ، 2 سلور اور 2 برونز میڈلز جبکہ پومسے ایونٹ میں 3 گولڈ، 1 سلور اور 4 برونز میڈلز جیتے ہیں۔
مجموعی طور پر دونوں ایونٹس میں پاکستان نے 6 گولڈ، 3 سلور اور 6 برونز میڈلز جیتے ہیں۔
کوریا سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے پومسے کوچ ماسٹر سیونگوہ چوئی اور ایران سے تعلق رکھنے والے کیروگی کوچ یوسف کرامی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ماؤنٹ ایورسٹ انٹرنیشنل اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پرفارمنس رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں کھیلی جانے والی کومبیکس ایشین چیمپئین شپ میں کھلاڑیوں کیلئے بہت سودمند ثابت ہوگی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/wgyVQ9q
0 تبصرے