ایف بی آر نے 6 ہزار 100 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں 6 ہزار 125 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ملکی تاریخ میں ٹیکس محصولات کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے، کیوں کہ ایف بی آر نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 6100 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا ہے۔
ایف بی آر نے 30 جون تک 6125 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، جو 5829 ارب کے اصل ہدف سے 296 ارب روپے زیادہ جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے 1381 ارب روپے زیادہ ہے، یوں ٹیکس محصولات میں سالانہ 29.1 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سال 4744 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا تھا۔
ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس کی مد میں سب سے زیادہ 2525 ارب، انکم ٹیکس کی مد میں 2278 ارب وصولی ہوئی۔
ایف بی آر نے ایک ہزار ارب روپے کی کسٹمز ڈیوٹی اور 322ارب روپے ایکسائز ڈیوٹی بھی وصول کی، جون کے مہینے میں 763 ارب روپے جب کہ آخری سہہ ماہی میں 32 فیصد اضافے کے ساتھ 1741 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق 30 جون تک 33.3 فیصد اضافے کے ساتھ 335 ارب روپے کے ریفنڈ بھی جاری کیئے گئے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی ٹویٹ میں ایف بی آر کو مبارکباد دی، اور ہدف پورا ہونے کی خوشی میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں کیک بھی کاٹا گیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/dj6SVln
0 تبصرے