بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری غیرقانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیئے۔
عدالت عالیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایف ائی آر نمبر 16/ 23 تھانہ بجلی روڈ کوئٹہ بھی منسوخ کردی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جناب نعیم اختر افغان اور جناب جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت سے متعلق کیس پر فیصلہ سنایا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ایف آئی آر 5 مارچ 2023 کو تھانہ بجلی روڈ میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشنز 124 اے، 153 اے اور 505 کے تحت دائر کی گئی تھی۔
مقدمہ میں الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016ء کے سیکشن 20 کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 3سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، ساتھ ہی انہیں 5 سال کیلئے سیاست سے نااہل قرار دیدیا گیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا، جہاں وہ تاحال قید ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/CbjQ0RF
0 تبصرے