حافظ نعیم الرحمان نے الزام لگایا ہے کہ پی پی پی اور ای سی پی کا گٹھ جوڑ ہے، میئر کراچی کے الیکشن سے پہلے ہی پیپلزپارٹی نے کہنا شروع کردیا تھا کہ لوگ نہیں آئیں گے، دیکھا جائے منتخب لوگ میئر کے الیکشن کے روز کہاں اور کیسے غائب ہوئے؟، عدالت سے مطالبہ کرتا ہوں اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الزام لگایا ہے کہ پی پی پی اور ای سی پی کا گٹھ جوڑ ہے، میئر کراچی کے انتخاب نے پیپلزپارٹی اور الیکشن کمیشن کی قلعی کھول دی، اس الیکشن پر قبضہ کروا دیا گیا، کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا، میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا عمل پوری طرح جعلسازی میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ مرضی کی حلقہ بندیاں کرکے پیپلزپارٹی نے اپنی سیٹیں بڑھائیں، الیکشن ہوا تو فارم 11 نہیں دیئے جارہے تھے، فارم 11 کے مطابق جماعت اسلامی کی 100 سے زائد نشستیں تھیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ میئر کا الیکشن ایک رسمی کارروائی تھی، میئر کے الیکشن سے پہلے ہی پیپلزپارٹی نے کہنا شروع کردیا تھا کہ لوگ نہیں آئیں گے، الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کو پورا موقع فراہم کیا، وہ ان کی بی ٹیم بنا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ دیکھا جائے منتخب لوگ میئر کے الیکشن کے روز کہاں اور کیسے غائب ہوئے، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں، عدالت سے اپیل کریں گے کہ زندہ انسانوں کے غائب ہونے کے معاملے کو دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ہم نے میئر کے الیکشن میں حصہ لیا، ہمیں معلوم تھا کہ اگر بائیکاٹ کیا تو ہمارے جو لوگ پہنچنے ہیں ان کو بھی نہیں گنیں گے، عدالت سے مطالبہ کرتا ہوں اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے، پیپلزپارٹی کا میئر کیا کرلے گا جبکہ اس کی پارٹی 14 سال سے حکومت میں ہے، جہانگیر روڈ مرتضیٰ وہاب کی مٹھی میں آگیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پوری تیاری کیساتھ عدالت جائیں گے، میئر کا انتخاب کالعدم کروائیں گے، کسی ایک سندھی کیخلاف ہونا گناہ سمجھتے ہیں، جماعت اسلامی وڈیرہ شاہی کے خلاف بات کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف بلدیاتی الیکشن کرانے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے، جو میئر کا ایک چھوٹا سا الیکشن نہیں کراسکتے وہ عام انتخابات میں کیا کریں گے، ناجائز قبضہ قبول نہیں کریں گے، آپ جائز طریقے سے آتے تو ہم مبارکباد دیتے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ ضمنی بلدیاتی الیکشن کرانے میں دو ماہ لگادیے گئے، الیکشن کمیشن کس طرح ایک پارٹی کو نواز رہا ہے، کراچی میں جماعت اسلامی نے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، شہر کی زمینوں پر قبضے کئے جارہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/gLKxtjT
0 تبصرے