Breaking News

header ads

پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں شیڈول ضمنی انتخابات کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کا کيا قانونی جواز ہے، الیکشن کمیشن کے پاس نشستیں خالی ہونے کا معاملہ آیا تو انہوں نے شيڈول دے دیا۔

وکیل پی ٹی آئی عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ہم تو پہلے دن سے الیکشن مانگ رہے ہیں لیکن سب نشستوں پر ساتھ کرائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی، اور ریمارکس دیئے کہ 16 اگست کو اس معاملے کو دیکھیں گے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی شیڈول معطل کرنے کی درخواست پرالیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے16اگست کو جواب طلب کرلیا۔

تحریک انصاف کی درخواست

یکم اگست کو تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپنے ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کی تھی اور درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان نے ایک ساتھ استعفے دیئے تھے۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفوں کی منظوری دے دی تھی تو موجودہ اسپیکر کیوں دوبارہ پراسیس کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن سب کو ایک ساتھ ڈی نوٹیفائی کیوں نہیں کررہا۔

ضمنی انتخابات کا شیڈول

5 اگست کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری سے خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی، اور ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ 25 ستمبرکو ہوگی۔

الیکشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ 22 مردان، حلقہ 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہوں گے۔ یہ نشستیں تحریک انصاف کےارکان کےاستعفوں کے باعث خالی ہوئی تھیں۔

عمران خان کا 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا اعلان

5 اگست کو ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑوں گا۔ مخالفین مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں مگر میں ہر میدان میں اُن کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اُن سے دو بڑی غلطیاں ہوئی ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کا بطور چیف الیکشن کمشنر تقرر میرا بلنڈر تھا۔ بولے دوسری بڑی غلطی کیا تھی یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/osREhmy
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے