Breaking News

header ads

محکمہ موسمیات کی ایک اور پیشگوئی غلط، کراچی میں بارش سے سیلابی صورت حال

کراچی میں گزشتہ رات سے جاری بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں ہونے والی بارشوں نے محکمہ موسمیات کی ایک اور پیش گوئی غلط ثابت کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج تیز بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا تھا بلکہ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی لیکن بارش کا سلسلہ گزشتہ رات شروع ہوا اور 14 گھنٹوں تک جاری رہا۔

تمام انڈر پاسز بند

ڈیفنس میں سب میرین انڈرپاس بند ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو بوٹ بیسن سے بولیورڈ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔

کے پی ٹی انڈرپاس تین تلوار سے دوتلوار تک، عبداللہ شاہ غازی انڈر پاس دو تلوار تک بند ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم سے سائیٹ جانےوالے کوریڈور کے انڈر پاسز میں پانی بھر چکا ہے

سڑکوں کی صورت حال

موسلا دھار بارشوں کے باعث کراچی کے تمام سڑکیں زیر آب آچکی ہیں، ایم اے جناح روڈ ، نشتر روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ ، شاہراہ لیاقت، یونیرسٹی روڈ اور شاہراہ پاکستان ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی سڑک ، سندھ اسمبلی چورنگی اور ٹاور مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، سندھ اسمبلی، سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کےسامنےکی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں۔

لیاقت آبادسےغریب آباد جانے والا راستہ تالاب کا منظر پیش کررہا ہے۔

ڈیفنس ویو کا نالہ اوور فلو ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بعض گلیوں میں 3 فٹ پانی جمع ہے۔

3 افراد جاں بحق

شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد اسٹیٹ لائٹس کے کھمبوں سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

بجلی کی صورت حال

بارش کے باعث شہر کے 500 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں، جس کی وجہ سے شہر کا ایک تیاہی حصہ بجلی سے محروم ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش اور پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب ‏ 300 فیڈرز حفاظتی و تکنیکی بنیاد پر بند ہیں ، انی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے عمل میں دشواری کا سامنا بھی ہے۔

کہاں کتنی بارش

محکمہ موسیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں سب سے زیادہ بارش پی اے ایف مسرور بیس میں 120 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ڈی ایچ اے 107، فیصل بیس 65، ایم او ایس 50، گلشن حدید 47، جناح ٹرمینل 30، یونیورسٹی روڈ 15 اور سعدی ٹاؤن میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بارش کب تک ہوگی

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرہ عرب میں موجود ہے اور اس سسٹم کو بحیرۂ عرب سے مسلسل نمی مل رہی ہے۔

لیاری ندی سے متصل کچی آبادیوں کا انخلا

مسلسل بارش سے لیاری ندی میں پانی کا بہاؤ بہت بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے ندی سے متصل کچی آبادیوں کے مکینوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

ملیر ندی میں بھی طغیانی

شدید بارش کے بعد ملیر ندی میں بھی طغیانی کی کیفیت ہے اور سیلابی پانی قرب و جوار کی آبادیوں میں آنے لگا ہے، پانی کے بہاؤ کو مد نظر رکتے ہوئے ملیر ندی کے لنک روڈ کو بھی بند کر دیا گيا ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/7JFrVNS
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے