کراچی میں مون سون سسٹم کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث آج بروز ہفتہ 9 جولائی کو بھی مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث کھڑا کئی کئی فٹ پانی تاحال نکالا نہ جا سکا۔ میٹ آفس کے مطابق شہر قائد میں آج بھی مون سون کا زور اپنے جوبن پر ہوگا۔
کراچی
ہفتہ 9 جولائی کی صبح بھی مون سون کے رنگ میں رنگے بادلوں نے سورج کو نکلنے کا موقع نہ دیا اور صبح سے ہی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش شروع ہوگئی۔ کراچی کے علاقے تین تلوار اور اطراف، آئی آئی چند ریگرروڈ، برنس روڈ، صدر، شارع فیصل، پی ای سی ایچ ایس ، بہادرآباد میں تیز اور ہلکی بارش نے مون سون کا رنگ جما دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ آج شام یا رات تک جاری رہے گا۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جب کہ مختلف علاقوں میں بارش کی شدت معمول سے زائد رہے گی۔
چیف میڑولوجسٹ کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت بحرہ عرب پر ہے۔ سمندر سے نمی و تقویت حاصل کرکے ساحلی علاقوں میں گہرے بادل بن رہے ہیں، سسٹم اسی شدت سے آگے بڑھا تو آج کافی شدت سے بارش ہوگی۔ واضح رہے کہ کراچی میں رواں ہفتے سے وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بعض سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہے۔ ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
کے الیکٹرک
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کراچی میں مون سون بارش میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ گلشنِ حدید، گڈاپ میں سڑکوں اور گلیوں میں بہت زیادہ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی کی موجودگی کی وجہ سے کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 1900فیڈز میں سے تقریباً 150فیڈرز متاثر ہوئے۔
دوسری جانب اعلیٰ حکام نے بھی بلدیاتی عملے کو سڑک پر موجود رہنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے پانی کی نکاسی کے حوالے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے، بلدیاتی عملے نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد کی اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کردی گئی ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر رات گئے پانی کی نکاسی کا کام جاری رہا ہے۔
گوادر
گوادر میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گوادر، پسنی اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے پانی جمع ہوگیا، کنڈا سول سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں ریلے میں بہہ گئیں، جب کہ پہاڑی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور لوگ محصور ہوگئے۔
راول پنڈی اسلام آباد
ہفتہ 9 جولائی کی صبح جڑواں شہروں اسلام اباد اور راول پنڈی میں بھی موسلا دھار بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، جب کہ واسا کی ٹیمیں بعض مقامات پر بارش کے باعث جمع ہونے والا پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے۔ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد اور گردونواح میں بھی تیزہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، سیکٹر ایچ 13 تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ بارش کا پانی عمارتوں کی بیسمنٹ میں بھی داخل ہوگیا، راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہو گئی جس کے باعث انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
صوابی میں طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، سکندری میں مکان کی چھت گر نے سے ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں جل تھل ایک ہونے کا امکان ہے۔
منڈی بہاؤ الدین
منڈی بہاءالدین شہر اورگرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ ہفتے کے روز جاری رہا، جہاں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
آزاد کشمیر
مظفرآباد میں شہریوں اور سیاحوں کو محتاط سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جہاں بارش کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ وادی نیلم، وادی جہلم، لیپہ کرناہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش نے موسم مزید ٹھنڈا کردیا۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔ مون سون ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں موجود ہے، ہفتہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی اور منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے بارش میں انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے، بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/In6dge0
0 تبصرے