Breaking News

header ads

کراچی: بارش کب ہوگی؟

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بروز اتوار 12 جون کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

میٹ آفس کے مطابق شہر میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمے کے مطابق کراچی کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک ہونے کا امکان ہے۔

بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم 15 جون کے بعد سے بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ بلوچستان میں ہفتہ 11 جون سے پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ایران سے گرد آلود ہوائیں شمال اور میدانی علاقوں میں گزشتہ روز داخل ہوئیں، جو پری مون سون بارشوں کا سبب بنیں۔

پشین، قلعہ عبد اللہ، نوشکی اور دالبندین ان گرد آلود ہواؤں کی زد میں رہے، جن کے باعث مشرقی بلوچستان اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز سے بارشیں جاری ہیں۔ بلوچستان کے علاقوں کوہلو، بارکھان، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی اور سبی میں بارش ہوئی، ان گرم اضلاع میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شمال مشرقی اضلاع میں دوپہر بارشوں سے ایک اور سلسلہ متوقع ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں کے باعث متوقع سیلابی ریلوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بارشوں کا شدت کے ساتھ سلسلہ 17 جون کو شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے سیلابی صورتِ حال کا بھی خطرہ ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں جھنگ اور شیخوپورہ میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شیخوپورہ کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

لاہور میں دن کے وقت سخت گرمی کے بعد شام کو آندھی اور گرج چمک دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ضلع شیخوپورہ میں جون کے مہینے میں ہونے والی ژالہ باری کو غیر معمولی اور ماحولیات میں آنے والی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/SPeRuIr
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے