قومی اور بین الاقوامی خواتین کرکٹ کے فرق کو کم کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ سیزن برائے 23-2022 کا اعلان کردیا ہے۔
اس سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی۔ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔مہمان ٹیم کے اس دورہ میں 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
اسی طرح سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعدازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔
نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ اس ایونٹ کو 2مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی 4 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ 3 نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پھر ان 3 ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل میں کھیلا جائے گا۔ چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کُل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔
تانیہ ملک، سربراہ قومی خواتین کرکٹ
تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہماری اور دنیا کی بڑی ٹیموں کے درمیان فرق واضح ہوا ہے، لہٰذا قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو تقویت بخشنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنا ڈومیسٹک نظام مزید مربوط کیا جائے۔انہوں نے نئے ڈومیسٹک سیزن کو ترتیب دیتے وقت بہت سوچ و بچار کی ہے۔
قومی خواتین کرکٹ کی سربراہ نے کہا کہ وہ 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی بہت مشکور ہیں جنہوں نے خواتین کرکٹ کے فروغ اور پذیرائی میں اپنی مکمل دلچسپی ظاہر کی ہے۔ان کے تعاون سے ہمیں ملک بھر سے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔
انہیں یقین ہے کہ وہ ایسی باصلاحیت کھلاڑی ڈھونڈنے میں کامیاب ہوجائیں گے جو جدید تقاضوں کے مطابق ٹیلنٹ کے بھرپور اظہار کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ڈیوڈ ہیمپ، ہیڈ کوچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا تھا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ انہیں مشکل ترین کنڈیشنز میں کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں اور آئندہ ڈومیسٹک سیزن اس ضمن میں معاونت کرے گا۔
انہوں نےکہا گو کہ حالیہ نتائج ان کے حق میں نہیں رہے مگران خواتین کرکٹرز نے انفرادی طور پر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، جس میں ورلڈکپ میں پہلی سنچری اسکور کرنا اور سال 2021 کی ایمرجنگ کرکٹر کا ایوارڈ جیتنا نمایاں ہے۔
بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم
بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں خواتین کرکٹ نے بہت ترقی کی ہے اور اس کا معیار بھی بلند ہوا ہے، اس تناظر میں بہت ضروری ہے کہ ہمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک مکمل شیڈول ترتیب دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کھیل کے متواتر مواقع ملنے سے قومی خواتین کھلاڑیوں میں دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔انہیں بہتر بینچ اسٹرینتھ کی بھی ضرورت ہے اور انڈر 19 ایونٹ اس ضمن میں بھرپور معاونت کرے گا۔
بسمہ معروف نے کہاکہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، آئندہ 12 ماہ پر مشتمل کرکٹ کیلنڈر پر نظر ڈال کرانہیں خوشی ہورہی ہے اور وہ ان کرکٹ مقابلوں کی منتظر ہیں۔
مئی 2022 تا اپریل 2023 تک کا مکمل شیڈول
انٹرنیشنل شیڈول
18 مئی تا7 جون: سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان (آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل 3 ون ڈےاور 3 ٹی ٹونٹی میچز)، راولپنڈی
12 تا 24 جولائی: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ آئرلینڈ (سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز جس میں آسٹریلیا بھی شامل)، بریڈی
25 جولائی تا 8 اگست: کامن ویلتھ گیمز، برمنگھم
30 اکتوبرتا20 نومبر: آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان (آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل 3 ون ڈےاور 3 ٹی ٹونٹی میچز )، لاہور/کراچی
دسمبر: اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ
4 جنوری تایکم فروری: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا (آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل 3 ون ڈےاور 3 ٹی ٹونٹی میچز)
فروری: آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ
ڈومیسٹک شیڈول
دو تا18 اگست: انڈر 19 ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ (14 ٹی ٹونٹی میچز)، مرید کے
ستمبر/اکتوبر: ٹرائنگولرٹی ٹونٹی ویمنز چیمپئن شپ، مریدکے/لاہور
پانچ تا 25 اپریل: پاکستان ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ (14 میچز)، کراچی
from SAMAA https://ift.tt/qCwUuP7
0 تبصرے