Breaking News

header ads

وطن عزیز کی حفاظت کیلئےجانیں قربان کرنے والے شہدا ء ہمارے ہیروز ہیں وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے، وطن عزیز کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہدا ہمارے ہیروز ہیں ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے، اپنے محسنوں کو یاد رکھنا قوم پر قرض ہے اور جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں اس قوم کا زندہ رہنے کا جواز ختم ہو جاتا ہے۔

سیالکوٹ میں چوک علامہ اقبال میں ”وال آف یادگار شہداء“ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اپنے شہدا کے تو احسان مند ہیں ہی جنہوں نے وطن عزیز پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ساتھ میں ان کے لواحقین کے بھی مشکور ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں وطن عزیز کی خاطر شہید ہونے والے ہم اپنے ہزاروں شہدا خواہ وہ فوج سے تھے، پولیس سے تھے،فرٹنیئر کانسٹیبلری سے یا پھر عام عوام سے سب کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری بہادرافواج آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، گزشتہ روز بھی افغان سرحد پر ایک بڑی جھڑپ ہوئی ہے جس میں پاک فوج نے دہشت گردی کے بہت بڑے حملے کو پسپا کیا ہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جناح ہاؤس اور میانوالی ائیر بیس پر حملہ کرنے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور بھانجا شامل تھا جنہیں میڈیا سمیت ملک کی 22 کروڑ عوام نے بھی دیکھا ہےتاہم وہ اسے مسترد کر رہاہے کہ یہ لوگ اس کے رشتہ دار اور ورکر نہیں تھے، اگر وہ اسے کوئی سازش قرار دے رہا ہے تو اس کی بہنیں اور بھانجا جو وہاں پر موجود تھے جنہیں سب نے دیکھا اور میڈیا نے دکھایاتو کیا پھر وہ بھی اس سازش میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے فوج کی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو دیکھا ہے،آج سے 30,40 سال قبل ایسی کوئی بات ہوتی تو اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا سکتا تھا لیکن اب تو کیمرے کی آنکھ میں سب کچھ فوراً محفوظ ہو رہا ہوتا ہے اورتصویریں وٹس ایپ پر وائرل ہو رہی ہوتی ہیں اس کے بعد اس قسم کا جھوٹ بولنا اس کے گزشتہ 14ماہ کے صدمات کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے اس کا دماغی توازن خراب ہو چکا ہے جو وہ اس طرح کی باتیں کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شخص کی اپنی جماعت کے لوگ جو اس کے ساتھ 20,25 سال رہے وہ بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود اگر وہ اصرار کر رہا ہے تو پھر اس سے بڑا بیوقوف اور بددیانت شخص کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

وزیردفاع نے کہا کہ جو لوگ غائب ہیں اگر ان کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں تو وہ کیوں روپوش ہیں، یہ شخص ہر روز نئی کہانی گھڑتا ہے، لوگوں کو اس نے گمراہ کیا ہے تاہم لوگ اب اس کے اندر کے شیطان کو پہچان رہے ہیں، وطن کی سا لمیت قربانی مانگتی ہے اور جب تک اس کے شہری، اس کی قیادت، اس کے اشرافیہ اور اس کے لوگ قربانی دینے کے لیے تیار نہیں ہوں گے وہ قومیں کبھی پروان نہیں چڑھ سکتیں۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/FfYyjho
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے