Breaking News

header ads

وزیراعظم اور صدر پاکستان سمیت دیگر کا يوم سياہ کشمير کے موقع پر پيغام

وزيراعظم شہبازشريف، صدر پاکستان عارف علوی، وزيرخارجہ بلاول بھٹو اور دیگر نے يوم سياہ کشميرکے موقع پر پيغام جاری کئے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ہمشہ ہر قيمت پر کشمير کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور کشميری عوام کو يقين دلاتا ہوں کہ ہم دنيا کے سامنے آپ کی آواز بنيں گے۔

وزيراعظم کا کہنا تھا کہ کشمير کےعوام کے لئے ہماری حمايت اور يکجہتی برقرار ہے، جب تک کشميری عوام کو حق خود اراديت نہيں مل جاتا چين سے نہيں بيٹھيں گے۔

وزيراعظم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشميريوں کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خوداراديت دياجائے، پاکستان کشميری کاز کے حوالے سے اپنی بھرپور حمايت جاری رکھےگا، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنيادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر کے یوم ِ سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کے75 سال مکمل ہو چکے ہیں، ہم گزشتہ ساڑھے 7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنےکیلئے آج کے دن یوم سیاہ مناتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔

صدرِ پاکستان نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی بربریت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا، مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی فوجی محاصرے میں ہے اور اس میں مقبوضہ خطے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں کی وجہ سے مزید شدت آئی ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے گزشتہ تین سالوں میں صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، ان اقدامات کی مدد سے بھارتی آئین کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج جموں و کشمیر آزادی اظہار پر پابندیوں اور محکوم بنانے کی دیگر کاروائیوں کی زد میں ہے، 5 اگست 2019 ء سے اب تک بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 690 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پچھلی سات دہائیوں سے جموں و کشمیر کا تنازع زبردست مشکلات کے خلاف امید، خوف کے خلاف ہمت اور ظلم کے خلاف قربانی کی جنگ کی علامت بنا ہوا ہے، ہمارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں نے ظلم و ستم کی بدترین صورتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مثالی ہمت اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے، ہم ان ہزاروں کشمیریوں کے خون کی قدر کرتے ہیں کہ جنہوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے حصول کیلئے کئی دہائیوں تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

صدر مملکت نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، ریاست جموں و کشمیر کی تقدیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کی مدد سے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی کیا جائے گا، پاکستان، بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 تاريخ کا ايک سياہ ترين دن ہے، جس پر انسانيت شرمندہ ہے، 75 سال قبل بھارت دنيا ميں بدترين غاصب، استعماری ملک بن کر سامنے آيا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمير ميں انسانيت سوز مظالم کا قصہ گزشتہ 75 سال سے جاری ہے، بھارت اب مقبوضہ کشمير کو سب سے بڑا قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، اور کشميريوں کی تحريک آزادی کو دبانے ميں ناکام ہوچکا ہے۔

وزيرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ دنيا مقبوضہ کشمير ميں جاری انسانی حقوق کی سنگين پامالی کو روکے، عالمی برادری کشميريوں سے کيا گيا استصورب رائے کا وعدہ پورا کرے، پاکستان کشميريوں کے حق خوداراديت کی اخلاقی، سياسی اور سفارتی حمايت جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 75 سال قبل بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، ہر 10 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے، لیکن دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد نہیں دبا سکتی، یہ سفر آزادی پر ہی ختم ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کی قربانیوں کی مثال ملنا مشکل ہے، کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ بھارت ان کا جذبہ حریت کمزور نہیں کرسکتا، کشمیریوں کے سفر آزادی میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ ہیں، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی،

وفاقی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی

وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ آج کا دن بھارتی غیر قانونی تسلط کے خلاف جہد مسلسل کا نام ہے، بھارتی غیر قانوني تسلط کو کبھی قبول نہيں کیا جائے گا، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پاکستان کی پوری قوم ایک آواز ہے۔

امین الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ اقوام عالم کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے، تو پھر یہ کشمیری قوم کے حقوق کی پامالی پر خاموش کیوں ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/nEzstwY

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے