انسانی جسم کے اندر منشیات اسمگلنگ کے انٹرنیشنل ڈرگ نیٹ ورک کا کارندہ پشاور سے گرفتار کرلیا گیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے انسانی جسم کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا کارندہ گرفتار کرلیا، دوران کارروائی ملزم کے جسم سے آئس سے بھرے 57 کیپسول بھی برآمد کرلئے گئے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق ملزم کو اس کی ماں، بیوی اور تین بچوں سمیت عمرہ کے ویزوں پر احرام باندھ کر ایئر پورٹ جاتے ہوئے پکڑا۔
محکمہ ایکسائز کے حکام نے بتایا کہ ملزم اسلام آباد ائیر پورٹ سے سعودی عرب جانے والا تھا کہ مصدقہ اطلاعات پر اسے پشاور میں راستے سے گرفتار کرلیا گیا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق ملزم کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کے جسم کے اندر چھپائے گئے 57 عدد آئس سے بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے بتایا کہ ملزم کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے، اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم اس سے پہلے 7 بار سعودی عرب منشیات اسمگل کر چکا ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق ملزم ایئر پورٹ سیکیورٹی سے بچنے اور دھوکہ دینے کیلئے اپنی ماں ، بیوی اور تین بچوں سمیت عمرے کے ویزوں پر احرام باندھ کر بیرون ملک جاتا رہا۔
مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا خلیق الرحمان کا کہناہے کہ منشیات کے ایسے گروہ ملک و قوم کیلئے بین الاقوامی سطح پر بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔ صوبائی محکمہ ایکسائز ایسے نیٹ ورکس کے خلاف جدید خطوط پر تفتیش کر رہا ہے اور ان کے خلاف بھر پور کاروائیاں کی جائیں گی۔
خلیق الرحمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/VC5YMgq


0 تبصرے