تحریک انصاف نے 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
تحریک انصاف قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں 16 اکتوبر کو شیڈول ضمنی انتخابات کو روکنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
انتخابات روکنے کے لئے درخواست تحریک انصاف کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے دائر کی۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا مرضی کے حلقوں میں الیکشن کرانا آئین و جمہوریت کے منافی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر الیکشن شیڈول معطل نہ کیا گیا تو تحریک انصاف کی اپیل اثرانداز ہوگی، 123 استعفوں کی منظوری سے متعلق اپیل پر فیصلے تک شیڈول معطل کیا جائے۔
ضمنی انتخابات کا شیڈول
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول تبدیل کردیا تھا، اور اعلان کیا تھا کہ تمام نشستوں پر پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں پر ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 9 حلقوں بشمول این اے 157 ملتان میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی جبکہ این اے 246 کراچی پر ضمنی انتخاب عدالتی حکم امتناعی کے باعث ملتوی ہے۔
ای سی پی اعلامیے کے مطابق شیخوپورہ، خانیوال اور بہاولنگر میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی، لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے فیصلے پر عید میلا النبیﷺ کی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/Dwpnb05


0 تبصرے