Breaking News

header ads

کیا تحریک انصاف ملکی مفاد کے لئے سیاست نہیں چھوڑ سکتی، وزیرخزانہ

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے، اس موقع پر کیا تحریک انصاف سیاست نہیں چھوڑ سکتی۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب نے ہرطرف تباہی مچادی ہے، ہزاروں خاندان گھروں سے بے دخل اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس سیلاب میں لوگوں کی فصلیں بھی تباہ ہوئیں اور مال مویشی بھی ہلاک ہوگئے، اس مشکل اور کڑے حالات میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ تمام مقاصد سے بالاتر ہوکر جس قدر ہوسکے اپنے بھائیوں کی مدد کریں، وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں اپنے عطیات جمع کرائیں، آپ کا دیا ہوا ایک ایک پیسہ مستحقین تک پہنچے گا۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری سے بھی اپیل کررہے ہیں کہ پاکستانیوں کی مدد کریں، جس کے بعد ورلڈ بینک کی جانب سے ہمیں 370 ملین ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 25 ملین ڈالرز دے دیئے ہیں، چین کی پاکستان میں قائم کمپنیز نے وزیراعظم کو 15 کروڑ روپے دیئے ہیں، دیگر اداروں نے بھی تعاون کیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوا ہے کہ مجھے تیمور جھگڑا نے ایک خط لکھا جس کا مضمون ہی آئی ایم ایف کے حوالے سے تھا، خط میں مجھے کہا گیا ہے کہ اگر آپ ہمارے 6 یا 7 دیرینہ مسائل حل نہیں کرتے تو جو سرپلس ہم نے دینا تھا وہ نہیں دے سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز ہی فواد چوہدری نے اس حوالے سے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا آئی ایم ایف کے معاملے پر وفاق سے تعاون نہیں کرے گا، اور آئی ایم ایف کی ڈٰیل بھی نہین ہوگی۔ شوکت ترین نے بھی پنجاب کے وزیرخزانہ سے کہا کہ وفاق کو خط لکھیں۔ تاہم پنجاب کے سیکرٹری اور وزیر نے اس کا انکار کردیا۔

وزیرخزانہ نے بتایا کہ خط ملنے کے بعد جب میں نے تیمور جھگڑا سے بات کی تو انہوں نے یقین دلایا کہ انہوں نے یہ خط صرف مجھے لکھا ہے اور آئی ایم ایف کو نہیں بھیجا۔ لیکن اب یہ خط پورے پاکستان میں پھیل چکا ہے اور یقیناً آئی ایم ایف تک بھی پہنچ چکا ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ ہم اس سارے معاملے کو سنبھال لیں گے، لیکن تعجب ہے کہ پورا پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے، اور قوم نے مہنگی بجلی، پیٹرول اور کھانے کی اشیاء خرید کر اتنی بڑی قربانی دی ہے، جس کے بعد اب پیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل ہونے جارہی ہے، اور صرف 2 روز پہلے یہ لوگ خط لکھ رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کیا یہ 10 دن انتظار نہیں کرسکتے تھے، کیا عمران خان کی حکومت نہیں آئے گی تو یہ لوگ پاکستان کو تباہ کردیں گے، جو لوگ سیلاب میں مررہے ہیں ان کو مرنے دیا جائے، ڈالر مزید مہنگا ہونے دیں، پاکستان کے فارن ذخائر مزید کم ہوجائیں، پاکستان میں تیل لینا مشکل ہوجائے، کیا یہ لوگ اسی طرح چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کیسی سیاست ہے کہ کہا جارہا ہے کہ عمران خان نہیں ہوگا تو ہم پاکستان کو بند کرکے جلا دیں گے، کیا اس سیاست کے لئے ہم نے سیاست میں قدم رکھا تھا، کہ پاکستان کو اس کی معیشت کو داؤ پر لگادو، وہ کون سا وقت آئے گا جب ہم اس ملک کی خاطر اپنی سیاست کو پس پشت ڈال کر کہیں گے کہ آج ہم سیاست نہیں ملک اور عوام کا سوچیں گے، کیا پی ٹی آئی اسوقت ملکی مفاد کے لئے سیاست نہیں چھوڑ سکتی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نوازشریف اور شہبازشریف کی اجازت سے وزیرخزانہ بنا ہوں، وہ ایک فون کال پر مجھے اس وزارت سے ہٹاسکتے ہیں، میرا کوئی بھی فیصلہ وزیراعظم کی اجازت کے بغیر نہیں ہوتا، میرے ہراقدام پر شہبازشریف کے دستخط ہوتے ہیں، میں اپنا کام کرتا رہوں گا، کسی کو میرا کام پسند ہے تو اس کا شکریہ، جس کو نہیں پسند تو معذرت ہی کرسکتا ہوں، لیکن میں ملک کی بہتری کے لئے ہرفیصلہ لوں گا۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/DCdEaWI
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے