Breaking News

header ads

عمران خان کی براہ راست تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد میں ریلی میں کی گئی تقریر میں سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کے الزام میں پیمرا نے ان کی تقاریر براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اس حوالے سے پیمرا کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت اب کوئی بھی ٹی وی چینل عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر نہیں کرسکتا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی وی چینلز عمران خان کی تقاریر ریکارڈ کرکے چلا سکتےہیں۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اداروں پر الزامات لگا رہے ہیں، اور ان کی تقاریر سے نقص امن پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

عمران خان کا ریلی سے خطاب

ایف نائن میں ریلی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 26 سالہ سیاست میں پہلی بار زندہ قوم دیکھ رہا ہوں، ایک سوئی ہوئی قوم جاگ رہی ہے، بیدار ہے، شعور آگیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کیساتھ جو ہوا یہ اس کے بیان کی وجہ سے نہیں، لوگوں کو غلام بنانے کیلئے دہشت پھیلائی جارہی ہے، خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو آگے غلامی ہے، انگریزوں سے تو آزاد ہوگئے لیکن آج ان چوروں کو بیرونی سازش کے تحت قوم پر مسلط کردیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت چوروں کو بٹھایا گیا، 25 مئی کا دن کبھی یہ قوم نہیں بھولے گی، ہمارا پُرامن احتجاج تھا، پرامن احتجاج میں خواتین اور بچوں پر بے دردی سے شیلنگ کی گئی، ان کا صرف ایک مقصد تھا کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کرلیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز گل پر 2 دن تک تشدد کیا گیا، جتنا مرضی خوف پھیلانے کی کوشش کریں، میڈیا اور سوشل میڈیا کو دبانے کی کوشش کریں، دھمکیاں دیں، چیلنج کرتا ہوں کہ جو مرضی کرلیں آزادی چاہنے والے عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے۔

شہباز گل پر تشدد اور ریمانڈ کے معاملے پر انہوں نے پولیس افسران اور مجسٹریٹ کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو نہیں چھوڑنا تم پر کیس کرنا ہے، مجسٹریٹ صاحبہ بھی تیار ہوجائیں، آپ کیخلاف بھی ایکشن لیں گے، آپ سب کو شرم آنی چاہئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر شہباز گل پر کیس ہوسکتا ہے تو ہم فضل الرحمان، نواز شریف، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف سمیت سب پر کیس کرنے جارہے ہیں۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/Bp07k4r
via IFTTT

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے