وزیراعظم شہباز شریف نےعمران خان کے بیان کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اوراداروں کے خلاف بیان دے کرعمران خان نے حد پار کر دی ہے، حد میں رہیں تواچھا ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کا یہ بیان ثبوت ہے کہ یہ سیاست نہیں بلکہ سازش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سے محرومی عمران خان سہہ نہیں پا رہے،فرسٹریشن اوربیمار ذہنیت سے فساد پھیلا رہے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وہ بات کہی جو پاکستان کے دشمن کرتے ہیں اور کسی رہنما کا اقتدار جانے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پاکستان، اس کے اتحاد اور اداروں کے خلاف اعلان جنگ کردیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اداروں، وفاق اور اس کی اکائیوں پر حملہ آور نہ ہوں، حوصلہ کریں ، آئین اور قانون کی حدیں نہ پھلانگیں۔
شہبازشریف نے سوال اٹھایا کہ یہ کیا مائنڈ سیٹ ہے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ ورنہ میں جنگ کروں گا؟ یہ بیان نہیں بلکہ ملک میں انارکی اور تقسیم کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔
وزیراعظم نے دو ٹوک کہا کہ قوم کسی بھی قیمت پرایسے مذموم ارادوں کو قبول کرے گی اور نہ ہی ہونے دے گی۔
عمران خان کا انٹرویو
بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ اگراسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ سب سے پہلے فوج تباہ ہوگی، ملک تین حصوں میں تقسیم ہوجائے گا اور ہمارے ایٹمی اثاثے بھی چھن جائیں گے۔
انٹرویو میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کمزور اور اتحادی تھی، جو لوگ شامل ہوئے انہیں نہیں جانتے تھے، اگر یہ دوبارہ ملتی تو قبول نہیں کرتا اور دوبارہ انتخابات کی طرف چلا جاتا، اکثریت ہوگی تو آؤں گا ورنہ نہیں آؤں گا۔
آصف زرداری کا ردعمل
سابق صدر آصف زرداری نے عمران خان کے بیان کی مذمت کردی۔ کہتے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو کہا کہ عمران خان دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/ZVHWAE0
0 تبصرے