وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل اور 6 ماہ کے اندر ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت جمعہ 10 جون کو بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر پیشرفت سے متعلق جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینیر خرم دستگیر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں حکام کی جانب سے جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگور اور ایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجراء کیا جا رہا ہے، چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گے۔
اس سے بجلی کی مجموعی فراہمی 260 میگاواٹ جب کہ کھپت 236 میگاواٹ ہوگی، جب کہ خضدار پنجگور ٹرانسمیشن لائن دسمبر 2022 میں تکمیل کے بعد 90 میگاواٹ کا سسٹم میں مزید اضافہ کرسکے گی۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے مجاز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، حب اورماڑا ٹرانسمیشن لائن کی فیضیبلٹی تیاری کے مراحل میں ہے، جب کہ اس لائن کی تکمیل کے بعد مزید 200 میگاواٹ سسٹم کو فراہم کر دی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان بالخصوص گوادر میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہمی وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا۔ اس حوالے سے 10 دن کے اندر لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر آف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے۔ گوادر میں آف شور اور آن شور ونڈ پاور منصوبوں کیلئے بھی حکمتِ عملی بنائی جائے، جب کہ جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کر اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ منصوبوں کی تکمیل میں دیر کسی قدر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے یقینی بنائیں کہ طویل مدتی منصوبوں میں بھی وقت اور لاگت میں جس قدر ہو سکے کمی لائی جائے۔ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی بچت کرے اور اس کا صحیح استعمال یقینی بنائے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور گوادر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/EOCMI6H
via IFTTT


0 تبصرے