پاکستان میں عید الفطر کے اعلان اور شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جب کہ زونل کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں شوال کا چاند دیکھیں گی۔ پشاور کی قاسم علی خان مسجد میں بھی چاند کی دید کیلئے اجلاس ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہونے کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، تاہم چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش کا امکان ہفتہ اتوار کی درمیانی شب ایک بجکر 28منٹ پر ہے، یکم مئی کو چاند نظر آنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان اور پاکستان میں شمالی وزیرستان میں عید الفطر آج منائی جا رہی ہے۔ جب کہ سعودی عرب اور یو اے ای سمیت کسی بھی خلیجی ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں عید الفطر پیر بروز 2 مئی کو ہوگی۔
سعودی سپریم کونسل کی جانب سے چاند نظر نہ آنے کا اعلان ہفتے کے روز کیا گیا۔
from SAMAA https://ift.tt/GpQo1Pa
0 تبصرے