Breaking News

header ads

محسن بیگ کی کراچی میں درج مقدمے میں ضمانت منظور

سندھ ہائیکورٹ نے صحافی محسن بیگ کی کراچی میں درج مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔

صحافی محسن بیگ کے خلاف کراچی میں درج مقدمہ ختم کرنے کی درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔

ایف آئی اے نےعدالت میں تحریری جواب جمع کرادیا جس میں محسن بیگ کی منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتاری ڈال دی گئی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ محسن بیگ کو کراچی میں درج مقدمے میں بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، محسن بیگ کےخلاف سیشن عدالت میں عبوری چالان بھی جمع کرادیا ہے۔

سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دینے پرعدالت نےایف آئی اے اوراسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پرایف آئی اے اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا گیا تھا،عدالت میں جواب جمع کرانے کے بجائے محسن بیگ کی نہ صر ف گرفتاری ڈال دی گئی بلکہ عبوری چالان بھی جمع کرادیا گیا۔

انھوں نے یہ بھی ریمارکس دئیے کہ سندھ ہائیکورٹ میں رجوع کرنےکےبعد  گرفتاری ڈالی گئی،ملک میں کوئی بادشاہت نہیں ہے، آج گرفتاری ڈالی کل کو محسن بیگ کےخلاف کوئٹہ،پشاوراور گلگت بلتستان میں بھی مقدمہ درج کردینگے؟۔

عدالت نے آئندہ  سماعت میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا۔

عدالت نے محسن بیگ کی کراچی میں درج مقدمے میں ضمانت منظورکرلی۔

عدالت نےمحسن بیگ کو1لاکھ روپے کے مچلکے ناظرسندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ابھی ہم مقدمہ ختم نہیں کررہے ہیں، بدنیتی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دینگے،ایک صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے پرعدالت کو بھی سخت تحفظات ہیں،مقدمہ درج کرنے والوں کوجیل بھی جانا پڑسکتا ہے۔

محسن بیگ نے ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کیا

اٹھائیس فروری کوسندھ ہائی کورٹ میں محسن بیگ نے ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کیا تھا۔محسن بیگ کی درخواست پرایف آئی اے،وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کئے گئے تھے۔

سندھ ہائی کورٹ میں محسن بیگ کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نےدرخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ آئندہ سماعت تک ایف آئی اے کو محسن بیگ کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اس وقت کہاں ہیں۔اس پروکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ محسن بیگ اس وقت اڈیالہ جیل میں ہیں۔عدالت نے کہا کہ ملزم جیل میں ہیں، اس سے بڑی کارروائی کیا ہوسکتی ہے،ہم جمعہ کو کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔

لطیف کھوسہ نے بتایا کہ محسن بیگ پر 2 مقدمات درج تھے اور ایک میں ضمانت ہوگئی ہے جبکہ ایک مقدمہ لاہور اوردوسرا مقدمہ اسی ہی دن کراچی میں درج کرلیا گیا۔ محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں منی لانڈرنگ اور مزید دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ محسن بیگ کے محض ایک بیان پر کارروائی کی جارہی ہے،ان کے موکل نے صرف صحافتی ذمہ داری ادا کی اوروفاقی وزیر مراد سعید کی کارکردگی سے متعلق سوال پر محض اتنا کہا وہ ریحام خان کی کتاب میں لکھا ہوا ہے۔

ناجائزاسحلہ رکھنےکےمقدمہ میں ضمانت

پچیس فروری کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نےمحسن بیگ کی ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں ضمانت منظور کی تھی۔

ملزم محسن بیگ کی بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت جوڈیشل مجسٹریٹ وقار حسین گوندل نے منظور کی۔ ملزم کے خلاف تھانہ مارگلہ  نے ناجائز اسلحہ کا مقدمہ نمبر 87 درج کیا تھا۔

وکیل صفائی نے بتایا کہ مقدمہ میں لگی دفعہ قابلِ ضمانت جرم ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے 30 ہزار روپے مچلکوں پر ملزم محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

محسن بیگ کی گرفتاری،ڈائریکٹرایف آئی اےسائبرکرائم کو شوکازنوٹس

 ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ دورانِ تفتیش محسن بیگ نے بتایا کہ جس پستول سے فائرنگ کی وہ گھر میں ہے،جس پر ملزم کے ہمراہ اس کے گھر جا کر 30 بور کا پستول برآمد کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ برآمد ہونے والے پستول کے میگزین میں 2 گولیاں بھی موجود تھیں۔ درج ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزم اس 30 بور کے پستول کا لائسنس یا اس کی اجازت کا ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

 محسن بیگ کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے کیس میں ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر نے جوڈیشل ریمانڈ میں جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔

پس منظر

چند روز قبل محسن بیگ کو اسلام آباد میں واقع ان کے گھر پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔ اس دوران محسن بیگ کی جانب سے ٹیم کے اہلکاروں کو زدوکوب بھی کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق صحافی کی جانب سے گرفتاری کے دوران ٹیم پر براہ راست فائرنگ بھی کی گئی۔ ایک گھنٹے کی مزاحمت کے بعد ایف آئی اے اہل کار محسن بيگ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ حکام کے مطابق مذکورہ صحافی کے خلاف وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔



from SAMAA https://ift.tt/hSQjsTe

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے